بھارتی صنعتکار گوتم اڈانی کو گزشتہ ایک برس سے ہفتہ وار 3 ہزار کروڑ روپے کا نقصان، دولت میں 60 فیصد کمی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی صنعت کار گوتم اڈانی کو ہفتہ وار 3 ہزار کروڑ کا نقصان، دولت میں 60 فیصد کمی۔ دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شمار ہونے والے بھارتی صنعت کار گوتم اڈانی کو گزشتہ ایک برس سے ہفتہ وار 3 ہزار کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا ہے جہاں ان کی دولت 53 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہے۔عالمی نشریاتی ادارے ’ایکنامک ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی امیر ترین شخصیات پر شائع ہورون گلوبل رچ لسٹ میں بتایا گیا ہے کہ 60 سالہ بھارتی صعنت کار گوتم اڈانی کو ہنڈن برگ کی رپورٹ کے اجراءکے بعد تمام حلقوں سے مشکلات کا سامنا ہے جہاں دنیا کے دوسرے امیر ترین ارب پتی شخصیت کی پوزیشن اب 23ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 28 ارب ڈالر کے واضح نقصان کے بعد گوتم اڈانی نے امیر ترین شخص ہونے کی حیثیت کھو دی ہے جن کی جگہ اب ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے لے لی ہے جن کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 82 ارب ڈالر ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوتم اڈانی اور خاندان کی دولت میں 35 فیصد کمی کے بعد اڈانی گروپ نے ایشیا کے امیر ترین ہونے کا اعزاز کھو دیا ہے جس کی جگہ اب وائے ایس ٹی کے ڑونگ شانشن نے لے لی ہے جہاں ہنڈن برگ کی رپورٹ نے اڈانی گروپ کی دولت میں 60 فیصد کمی کردی ہے۔ مکیش امبانی کے ساتھ ساتھ گوتم اڈانی دنیا میں سب سے زیادہ دولت کھونے والوں میں شامل ہیں۔ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ انہیں 28 ارب ڈالر کا نقصان ہوا اور اب ان کی مالیت 53 ارب ڈالر ہے۔ گزشتہ ایک سال کی مدت میں گوتم اڈانی نے اپنی دولت کا 35 فیصد حصہ کھو دیا ہے جب کہ مکیش امبانی نے دولت کا 20 فیصد حصہ کھویا ہے۔ ریٹیل چین ایونیو سپرمارٹس کے مالک اور اسٹاک مارکیٹ کے مشہور سرمایہ کار رادھا کشن دامانی اور ان کے خاندان کو دولت میں 30 فیصد کمی کا سامنا رہا جن کی مجموعی مالیت کا تخمینہ اب 16 ارب ڈالر ہے اور وہ عالمی ٹاپ 100 کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔ امریکا اور چین کے بعد بھارت امیر ترین شخصیات کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جہاں 187 ارب پتی شخصیات ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں میں عالمی سطح پر ارب پتی لوگوں کی آبادی میں بھارت کی شراکت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ فی الحال بھارت کا عالمی سطح پر ارب پتی آبادی میں 8 فیصد حصہ ہے اور پانچ سال پہلے یہ 4.9 فیصد تھا۔ ہورون گلوبل رچ لسٹ 2023 میں ارب پتی شخصیات کی کل تعداد میں 8 فیصد کمی آئی اور ان کی کل دولت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد کمی آئی جہاں ایک ہزار 78 لوگوں کی دولت میں اضافہ ہوا جن میں سے 176 نئے چہرے شامل تھے، اسی طرح 2 ہزار 479 شخصیات کی دولت میں کمی رہی یا پھر اتنی ہی دولت رہی جن میں سے 445 کی دولت میں واضح کمی ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں