پولیس اہلکاروں کو حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں، وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر داخلہ بلوچستان ضیاءاللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی پولیس نے بریفنگ دی۔ تخریب کاری کے واقعات کی روک تھام کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ 2 روز میں اب تک صوبے میں تخریب کاری کے 4 واقعات ہوئے ہیں، ان میں زیادہ تر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنایا گیا، پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تخریب کاری کے کئی منصوبوں کو ناکام بنایا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ ضیاءلانگو نے کہا کہ اہلکاروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنانے کیلئے مزید متحرک کردار ادا کیا جائے، صوبائی حکومت تخریب کاری کی روک تھام کیلئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کرے گی، پولیس اہلکاروں کو حملوں سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور جدید آلات فراہم کئے جائیں۔


