پنجاب میں انتخابات تنازعہ بن گیا ہے ،سپریم کورٹ کو فل بنچ بنانا چاہیے، ڈاکٹر مالک بلوچ

کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک) نیشنل پارٹی کے سربراہ وسابق وزیراعلی بلو چستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابات تنازعہ بن گیا ہے سپریم کورٹ کو فل بنچ بنانا چاہیے، بطور سیاستدان میں پارلیمنٹ کے پیچھے کھڑا ہوں، پارلیمنٹ سپریم ہے، مردم شماری کے وقت کومزید بڑھانا چاہئے، نیشنل پارٹی کو پاکستان کی تمام اقوام کی جماعت بنارہے ہیں، درشن کمار بگٹی کو ساتھیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمو لیت اختیار کر نے پر مبارکباد پیش کر تاہوں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکر ٹریٹ میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر جان محمد بلیدی ، میر رحمت صالح بلوچ، علی احمد لانگو سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے والے ڈیرہ بگٹی کی سیاسی و سماجی شخصیت درشن کمار بگٹی کو کئی دہائیوں سے جانتا ہوں ہندو کمیونٹی بلوچستان کے سگے والی وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے کبھی زبان اور علا قے کی سیاست نہیں کی ،بلو چستان کے حقوق کی خاطر بلو چستان کے عوام اور نیشنل پارٹی کے کارکنوں نے بہت سی قر بانیاں دی ہیں نیشنل پارٹی کو پاکستان کی تمام اقوام کی جماعت بنارہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام اداروں میں کش مکش کی صورتحال ہے اگر پاکستان کے تمام اداروں میں تضاد پیدا ہو گیا تو اسکا نقصان ملک کو پہنچے گا، سیاسی مسائل کا حل صرف اور صرف مذاکرات ہے ،پی ڈی ایم میں سیاسی مذاکرات کی بات پہلے نیشنل پارٹی نے کی تھی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں سیا سی کارکن ہوں وزیر اعلیٰ بنے سے پہلے بھی کبھی وزیر اعلیٰ بنے کا سوچا نہیں تھا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی میں شمو لیت اختیار کر نے والے ڈیرہ بگٹی کی سیاسی و سماجی شخصیت درشن کمار بگٹی نے کہا کہ وطن دوستی ہمارے خون میں ہے نیشنل پارٹی ہی جمہوری اور سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلو چستان کے وسائل کو ہمیشہ لوٹا اور عوام سے انکی رائے چھینی گئی ہے ،نیشنل پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کے لئے آواز بلند اور حقوق کی خاطر قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سابق وزیر اعلیٰ بلو چستان ڈاکٹر عبد المالک بلوچ کی قیادت میں بلو چستان کے عوام کے لئے اپنی جدو جہد جا ری رکھوں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں