آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوتے دکھائی نہیں دے رہا، پاکستان بزنس فورم

لاہور (صباح نیوز)مرکزی ترجمان پاکستان بزنس فورم زینب جتوئی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام مکمل ہوتے دکھائی نہیں دے رہا،29 جون کے اجلاس میں بھی پاکستان ایجنڈا پر نہیں اور 30 جون کو پروگرام اپنی مدت ویسے پوری کررہا ہے لہذا پاکستان بزنس فورم حکومت سے معیشت کو چلانے کے لئے متبادل پلان دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ حکومت درآمدات کو فوری کھولے تاکہ جی ڈی پی کو سہارا مل سکے، برآمدات کو بڑھانے کے لئے پانچ زیرو ریٹڈ سیکٹر پر دی گئی ٹیکس چھوٹ فوری بحال کی جائے، اسی طرح امریکہ برطانیہ اور یورپ میں رہنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے ترسیلات بھیجنے پر مراعات دی جائے اور زیادہ ترسیلات بھیجنے والے بیرون ملک پاکستانی کو سفیر پاکستان کا سرکاری طور پر خطاب دیا جائے۔ زینب جتوئی نے کہا کہ روپیہ اس وقت اپنی قدر سے نیچے ہے، ڈالر کو 240 پر لایا جائے تاکہ معیشت کو کچھ سانس مل سکے ،اس کے ساتھ ساتھ بورڈ آف انویسٹمنٹ میں سہولت دی جائے ہر قسم کی رجسٹریشن کی تاکہ ملک میں سرمایہ آنے کے اقدام کو سہولت ملے،حکومت کو اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل اور قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لئے ٹھوس میکرو اکنامک پالیسیاں اپنانے کی ضرورت ہے۔ زینب جتوئی نے کہا کہ مہنگائی کی بلند سطح بہت رجعت پسند ہے، یہ غریبوں کو سب سے زیادہ نقصان پہنچاتی ہے، یہ اصل تشویشناک بات ہے کیونکہ جن لوگوں کے پاس کچھ نہیں تھا اور ان کے کھانے کی قیمت 100 فیصد بڑھ گئی ، یہ چیز لوگوں پر معاشی بدنظمی کا بوجھ ڈال رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں