ملٹری کورٹس کیس، وفاقی حکومت نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ میں ملٹری کورٹس میں عام شہریوں کے ٹرائل کے خلاف کیس میں وفاقی حکومت نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا۔31 صفحات پر مشتمل جواب اٹارنی جنرل کی جانب سے جمع کروایا گیا ہے جس میں وفاقی حکومت نے موقف اختیار کیا کہ فوجی عدالتوں کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر کردہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں، کیونکہ درخواست گزاران نے ہائیکورٹس کے بجائے براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔وفاقی حکومت نے کہا کہ آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ آئین پاکستان سے پہلے سے موجود ہیں جنہیں آج تک چیلنج نہیں کیا گیا، ان ایکٹس کے تحت اٹھائے گئے تمام اقدامات قانون کے مطابق درست ہیں۔وفاقی حکوت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 9 مئی کو فوجی تنصیبات کو منظم انداز میں نشانہ بنایا گیا، ان واقعات میں منصوبہ بندی سے مسلح افواج کو نشانہ بنایا گیا۔وفاقی حکومت نے درخواست کی کہ سپریم کورٹ براہِ راست اس کیس کو نہ سنے، کیونکہ اگر سپریم کورٹ نے درخواستیں خارج کردیں تو متاثرہ فریقین کا ہائیکورٹ میں حق متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔وفاقی حکومت نے ایک بار پھر فل کورٹ بنانے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کے خلاف کیس فل کورٹ کو سننا چاہیے، اس کیس کی سماعت کرنے والے جج جسٹس یحییٰ آفریدی بھی فل کورٹ تشکیل دینے کی رائے چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں