عمران خان نے تمام حقائق چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا، اعظم خان

اسلام آباد (انتخاب نیوز)سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان نے میڈیا کو لیک ہونے والے اپنے مبینہ بیان میں اعتراف کیا ہے کہ عمران خان نے تمام تر حقائق کو چھپا کر سائفر کا جھوٹا اور بے بنیاد بیانیہ بنایا۔ اعظم خان نے اپنے مبینہ بیان میں کہا کہ ’عمران خان نے سائفر مجھ سے 9 مارچ کو لے لیا اور بعد میں اسے کھو دیا، عمران خان نے سائفر ڈرامے کے ذریعے عوام میں ملکی سلامتی اداروں کے خلاف نفرت کا بیج بویا، منع کرنے کے باوجود ایک سیکرٹ مراسلے کو ذاتی مفاد کے لیے عوام میں لہرایا، سائفر ڈراما صرف اور صرف اپنی حکومت بچانے کے لیے رچایا۔‘ انہوں نے کہا کہ ’8 مارچ 2022ءکو سیکرٹری خارجہ نے مجھے سائفر کے بارے میں بتایا، اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعظم کو سائفر سے متعلق پہلے ہی بتا چکے تھے، عمران خان نے سائفر کو اپوزیشن اور اسٹیبلشمنٹ کے خلاف بیانیہ بنانے کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔‘ مبینہ بیان میں اعظم خان نے کہا کہ ’عمران خان نے سائفر اپنے پاس رکھ لیا جو کہ قانون کی خلاف ورزی تھی، سائفر واپس مانگنے پر عمران خان نے اس کے گم ہونے کے متعلق بتایا۔‘ سابق پرنسپل سیکرٹری کے مطابق عمران خان نے ان کے سامنے سائفر کو عوام کے سامنے بیرونی سازش کے ثبوت کے طور پر پیش کرنے کی بات کی، 28 مارچ کو بنی گالا میٹنگ اور 30 مارچ کو اسپیشل کابینہ اجلاس میں سائفر کا معاملہ زیربحث آیا، میٹنگز میں سیکریٹری خارجہ نے شرکا کو سائفر کے مندرجات کے متعلق بتایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں