آزادی صحافت آئینی حق اور جمہوری ضرورت، بلوچستان کے شہدائے صحافت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، گورنر جعفر مندوخیل صحافت جمہوریت کا اہم ستون، بلوچستان کی پہلی سوشل میڈیا پالیسی کا مقصد ذمہ دارانہ اور مستند معلومات کے فروغ کو یقینی بنانا ہے، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی

کوئٹہ(آن لائن)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت ایک آئینی حق اور جمہوری ضرورت ہے۔ آزادی اظہار اس جدید دنیا میں آکسیجن کی مانند ہے جس کے بغیر تمام جمہوری نظام کا دم گھٹ جاتا ہے۔ ایک صحت مند، باخبر اور منصفانہ معاشرے کیلئے صحافت کی آزادی ناگزیر ہے۔ زندگی کے دیگر شعبوں کی طرح پریس بھی ڈیجیٹلائزیشن کے نئے رجحانات سے متعارف ہو رہا ہے۔ سردست پریس کی آزادی زیادہ قابل رسائی اور زیادہ حساس ہے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے خبریں اور تصاویر اب فوری طور پر لاکھوں لوگوں تک پہنچ جاتی ہیں۔ اس ضمن میں ہر ذی شعور شخص کا اخلاقی فریضہ ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ معلومات اور جعلی خبریں آگے نہ پھیلائے۔ہم سینئر صحافیوں کی خدمات اور قربانیوں کی قدر کرتے ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کرینگے۔ اس کے علاوہ، ہم نوجوان صحافیوں کے حقوق اور روزگار کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے اور پاکستان میں جمہوری استحکام، قومی یکجہتی اور ریاستی مضبوطی کے لیے اس کا کردار ناگزیر ہے ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافت ہی حقیقی آزادیِ صحافت کا بنیادی تقاضا ہے، اور اسی کے ذریعے معاشرے میں توازن، شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دیا جا سکتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی انتہائی کٹھن اور مشکل حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دے رہے ہیں جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق و صداقت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافی ریاست کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ حکومت مثبت اور تعمیری تنقید کو ہمیشہ خوش آئند سمجھتی ہے کیونکہ یہی عمل اصلاحِ نظام اور بہتر طرزِ حکمرانی کا موثر ذریعہ بنتا ہے۔ انہوں نے قومی میڈیا پر زور دیا کہ وہ صرف جرائم کی خبروں تک محدود نہ رہے بلکہ بلوچستان کے سماجی مسائل، ترقیاتی اقدامات اور مثبت پہلوں کو بھی بھرپور انداز میں اجاگر کرے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیجیٹل دور میں خبر کی تصدیق اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ صحافیوں کی اہم اخلاقی ذمہ داری ہے انہوں نے سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈے کے تدارک کے لیے بلوچستان کی پہلی سوشل میڈیا پالیسی سے متعلق کہا کہ اس اقدام کا مقصد ذمہ دارانہ اور مستند معلومات کے فروغ کو یقینی بنانا ہے انہوں نے میڈیا ہاسز کی جانب سے بیورو دفاتر کی بندش اور عملے کی برطرفی کو پیمرا معاہدوں کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس عمل پر تشویش کا اظہار کیا وزیراعلی نے تمام نجی ٹی وی چینلز پر زور دیا کہ وہ بلوچستان میں اپنے بیورو دفاتر کو فعال بنائیں، حکومت انہیں مکمل سیکیورٹی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی وزیراعلی بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادیِ صحافت، ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور سچائی پر مبنی معلومات ہی پاکستان کے استحکام، ترقی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں