کوئٹہ، سریاب روڈ پر کتوں کے حملے سے بچے کی موت، شہریوں کا ضلعی انتظامیہ سے ہنگامی طور پر کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ سریاب روڈ میں کتوں کے حملے میں معصوم بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر شہریوں اور سماجی حلقوں نے شدید افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے لمحہ فکر قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد خصوصاً سریاب روڈ، سیٹلائٹ ٹاو¿ن اور دیگر آبادی والے علاقوں میں شہریوں، بالخصوص بچوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے، تاہم میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور متعلقہ ادارے صورتحال پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مو¿قف اختیار کیا کہ آئے روز شکایات اور واقعات کے باوجود آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے نہ کوئی مو¿ثر مہم چلائی جا رہی ہے اور نہ ہی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث خوف و ہراس میں اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں آوارہ کتوں کے خلاف فوری اور ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع کیا جائے، خصوصاً اسکولوں، گلی محلوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر متعلقہ اداروں نے فوری عملی اقدامات نہ کیے تو اسے انتظامی غفلت اور لاپرواہی تصور کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں