گوادر یونیورسٹی کے وائس اور پرو وائس چانسلر کا اغوا انتہائی تشویشناک، بلوچستان کے خیر خواہ ایسی کارروائیاں نہیں کرسکتے، ہدایت الرحمن

فکوئٹہ(یو این اے )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ اور نائب امیر و صدر الحمد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیل روشن نے گوادر یونیورسٹی کے چانسلر اور وائس چانسلر کے اغوا کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک اور تشویشناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مزید اندھیروں کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، جبکہ اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے وابستہ شخصیات کا تحفظ کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔رہنماں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بلوچستان پہلے ہی بدامنی، ناخواندگی اور بے یقینی کی صورتحال سے گزر رہا ہے، ایسے واقعات نہ صرف تعلیمی ماحول کو تباہ کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کے مستقبل کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اساتذہ اور ڈاکٹرز معاشرے کے معمار ہوتے ہیں اور بلوچستان کے خیر خواہ ایسی کارروائیاں نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی کے رہنماں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ چانسلر اور وائس چانسلر کی فوری اور محفوظ بازیابی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ عملی کوششیں کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں