پنجگور اور چاغی میں 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہیں، وزیراعلی سرفراز بگٹی
ؓٓکوئٹہ ( آئی این پی ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ قدر ہیں پنجگور اور چاغی میں 11 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی مو¿ثر کارروائی اور قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوت اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، پوری قوم سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی ادارے اور قوم متحد ہیں اور دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا


