سینیٹ نے مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل کی منظوری دیدی، کمپیوٹر سائنس اور کوڈنگ لازمی مضمون قرار
اسلام آباد (صباح نیوز) سینیٹ نے مفت اور لازمی تعلیم کے ترمیمی بل 2026ءکی منظوری دے دی، جس کے تحت اسکولوں کے نصاب میں بڑی تبدیلی، کمپیوٹر سائنس اور کوڈنگ کو اب لازمی مضمون قرار دے دیا گیا ہے۔ ایوانِ بالا کا اجلاس شیری رحمان کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں مفت اور لازمی تعلیم کا ترمیمی بل 2026 پیش کیا گیا۔ ترمیمی بل کے مطابق ایلیمنٹری سے ہائی سکول تک تمام طلبا کے لیے پروگرامنگ سیکھنا اب قانونی طور پر لازم ہوگا، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اب ہر طالب علم کا بنیادی حق بن گئی ہے۔ بل کے مطابق رائٹ ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2012 میں ترمیم کرتے ہوئے کمپیوٹر تعلیم کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے، سکولوں میں کوڈنگ اور کمپیوٹر سائنس کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنا دیا گیا بل کا مقصد طلبا کو عالمی جاب مارکیٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے دور کے لیے تیار کرنا ہے، اب صرف پڑھنا لکھنا کافی نہیں، ہر طالب علم کو کمپیوٹر پروگرامنگ بھی سیکھنا ہوگی۔ سینیٹ سے منظور ہونے والا ترمیمی ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔


