خضدار سے مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی، بڑی تعداد میں گائے، بکرے اور بھیڑیں برآمد، ضلعی انتظامیہ نے منڈی میں نیلام کردیے

خضدار (بیورو رپورٹ) عیدالاضحیٰ کے موقع پر مقامی منڈیوں میں مویشیوں کی قلت اور قیمتوں میں غیر فطری اضافے کو روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ خضدار نے سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے مویشیوں کی غیر قانونی منتقلی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران درجنوں مویشی تحویل میں لے کر انہیں مقامی بیوپاریوں کے سامنے نیلام کردیا۔ ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی اور ایس پی خضدار دوستین دشتی نے عیدالاضحیٰ کے پیش نظر ضلع سے مویشیوں کی دیگر اضلاع میں منتقلی پر پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی تھی۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر خضدارحفیظ اللہ کاکڑ کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ٹیم میں ایس ایچ او صدر تھانہ محمد یوسف چانڈیو، پولیس اہلکار ریاض احمد اور دیگر پولیس جوان شامل تھے، خفیہ اطلاع ملنے پر ٹیم نے صدر تھانہ کی حدود میں ناکہ بندی کرکے ایک مشکوک مزدا گاڑی کو روکا تلاشی کے دوران گاڑی سے بڑی تعداد میں گائے، بکرے اور بھیڑیں برآمد ہوئیں، جنہیں غیر قانونی طور پر ضلع سے باہر منتقل کیا جا رہا تھا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا اور گاڑی سمیت تمام مویشیوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ضلعی انتظامیہ نے برآمد شدہ تمام مویشیوں کو ضابطے کے مطابق مقامی مویشی منڈی میں منتقل کیا، جہاں انہیں شفاف نیلامی کے ذریعے مقامی بیوپاریوں اور شہریوں کے حوالے کردیا گیا۔ نیلامی کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ سر انجام دیا گیا تاکہ کسی قسم کے شک و شبہ کی گنجائش باقی نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق ساسولی نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران کسی بھی قسم کی ذخیرہ اندوزی،اسمگلنگ یا غیر قانونی منتقلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں