چیف سیکرٹریز کی ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی مراعات کا نوٹیفکیشن سابق دور حکومت میں جاری کیا گیا، موجودہ حکومت اس سے اتفاق نہیں کرتی، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) چیف سیکرٹری کے منصب سے ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی مراعات سے متعلق نوٹیفکیشن سابق دور حکومت میں جاری کیا گیا تھا۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان شاہد رند نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اس نوٹیفکیشن سے اصولی طور پر اتفاق نہیں رکھتی۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بھی سابق حکومت نے دائر کی تھی۔ موجودہ حکومت نے نہ اس نوٹیفکیشن کا دفاع کیا ہے اور نہ ہی کسی مرحلے پر اس کے حق میں اپیل کی ہے۔ ہمارا موقف واضح ہے ،عوامی وسائل کی ایک ایک پائی عوام کی امانت ہے اور اسے صرف عوامی فلاح و بہبود پر ہی خرچ کیا جانا چاہیے۔ وفاقی سول سروسز میں مراعات کا طے شدہ مالی چارٹ موجود ہے جبکہ بلوچستان میں بھی باقاعدہ مراعاتی شیڈول نافذ ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت مذکورہ نوٹیفکیشن اور اضافی مراعات کی حمایت نہیں کرتی ۔


