خضدار، باغبانہ میں چوروں، ڈکیتوں کا راج، عوام بے یارو مددگار، پولیس تحفظ فراہم کرے، مکینوں کا مطالبہ
خضدار (بیورو رپورٹ) خضدار باغبانہ میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتیں روز کا معمول بن چکی ہیں، عوام کی جان و مال محفوظ نہیں۔ باغبانہ کے مکینوں کا کہنا ہے کہ رات ہوتے ہی باغبانہ ایک نوگو ایریا میں بدل جاتا ہے، جہاں سانس لینا بھی خطرے سے خالی نہیں، سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ اگر رات کے اندھیرے میں کسی کا مریض تڑپ اٹھے تو خضدار تک پہنچانا اپنی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگیا ہے، ایمبولینس چلے تو راستے میں لوٹ لیے جانے کا ڈر، نہ چلے تو مریض راستے میں دم توڑ دے، عوام کا غصہ، پولیس کی کارکردگی پر پھٹ پڑا ہے، باغبانہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پولیس کا کام صرف کاغذی کارروائی اور تسلی بخش بیانات تک محدود رہ گیا ہے، چوروں کے نیٹ ورک کے سامنے قانون بے بس نظر آتا ہے، رات کو گشت کہاں، چور ہمارے گھروں کے تالے اس بے فکری سے توڑتے ہیں جیسے اپنا گھر کھول رہے ہوں، ایک متاثرہ شہری نے کہا کہ باغبانہ کے لوگ اب خود کو چوروں کے رحم و کرم پر محسوس کررہے ہیں، دکانیں گھر مویشی، موٹر سائیکلیں کچھ بھی محفوظ نہیں، دن دہاڑے بھی وارداتیں ہونے لگی ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں یہ صورتحال صرف قانون و نظم کا مسئلہ نہیں رہی، یہ عوام کے اعتماد کا جنازہ ہے، باغبانہ کے عوامی وسیاسی حلقوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ باغبانہ کے عوام کو تحفظ دیکر ان کی جان ومال کے حفاظت کو یقینی بنائیں۔


