ٹرسٹ کی ایمبولینس مسلح افراد لے گئے، واقعات نہ رکے تو ایمبولینس سروس بند کرنے پر مجبور ہوں گے، نجی ٹرسٹ
تربت(نمائندہ انتخاب)الخیر الناس ٹرسٹ کے بانی اور معروف سماجی شخصیت حاجی محمد عمر نے بتایا ہے کہ آج 3 اگست 2026 کو الخیر الناس ٹرسٹ کی ایک ایمبولینس، جو ایک مریض کو کوئٹہ منتقل کرنے کے بعد واپس تربت آرہی تھی، شام تقریباً 6 بجے گدر کے مقام پر مسلح افراد نے روک لی۔ ان کے مطابق مسلح افراد نے ڈرائیور مجیب بلوچ کو زبردستی گاڑی سے اتار کر ایمبولینس (رجسٹریشن نمبر ASR-2025) اپنے ساتھ لے گئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، بلکہ اس سے قبل بھی فلاحی اداروں کی ایمبولینسز چھینے جانے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس سے دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ادارے شدید مشکلات اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔حاجی محمد عمر نے حکومت بلوچستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایمبولینس کی بازیابی اور ملوث افراد کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایمبولینسیں چھیننے کا یہ سلسلہ نہ روکا گیا اور فلاحی اداروں کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو الخیر الناس ٹرسٹ اپنی ایمبولینس سروس بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنے پر مجبور ہوگا، جس کا سب سے زیادہ نقصان غریب، نادار اور دور دراز علاقوں کے مریضوں کو پہنچے گا۔انہوں نے مسلح افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ ایمبولینسوں کو کسی بھی کارروائی کا نشانہ نہ بنائیں، کیونکہ یہ گاڑیاں کسی ادارے یا فرد کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً انسانی خدمت کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ الخیر الناس ٹرسٹ ہر قسم کے مشکل حالات میں بھی مریضوں، زخمیوں اور ضرورت مند افراد کو بروقت اسپتالوں تک پہنچانے کا فریضہ انجام دیتا رہا ہے، اس لیے اس عوامی خدمت کے تسلسل کو متاثر نہ کیا جائے۔


