قرآن کی بے حرمتی کا معاملہ ،مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملہ پر جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے اور سویڈن میں ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی پرتشویش کا اظہار کیا ۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی دنیا اپنے سفرا احتجاجاً سویڈن سے واپس بلائیں۔ ترجمان جے یو آئی ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے او آئی سی سے سخت اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا ۔دونوں رہنمائوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ عالم اسلام تسلسل اور منصوبہ بندی سے اسلام اور شعائر اسلام کی توہین اور مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کے گھنائونے اور ناپاک عمل پر سخت نوٹس لے ۔مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وزارت خارجہ کو فوری ہدایات جاری کردی ،اس معاملے پر خاموش نہیں رہیں گے ۔مغرب نے ہمیشہ اسلام اور اہل اسلام کے مقدسات کی توہین کرکے دہشت گرد ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی کے کارکن ہر ضلع میں احتجاجی مظاہرے کریں ۔


