مزدور دشمن وفاقی بجٹ مسترد کرتے ہیں، 22جون کو بلوچستان بھر میں احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کریں گے،بلوچستان لیبر فیڈریشن

کوئٹہ :بلوچستان لیبر فیڈریشن نے وفاقی بجٹ مسترد کرتے ہوئے بلوچستان حکومت سے صوبائی بجٹ میں مزدوروں اور ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کردیا،20سال سے اپ گریڈ نہ ہونے والی پوسٹوں پر فرائض انجام دینے والے ملازمین و مزدور ریٹائرمنٹ تک پہنچ گئے،پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا اور ملازمین کے بینوولینٹ فنڈ کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر یکمشت ادائیگی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ مہنگائی نے غریب طبقہ اور محنت کشوں کی زندگی اجیرن کردی حکومتیں مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہیں حکمران طبقہ مفلوج ہوگیا،بلوچستان لیبر فیڈریشن مزدور دشمن وفاقی اور صوبائی بجٹ کیخلاف 22 جون بروز سوموار کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی ریلیاں منعقد کریگی اور مظاہرے کیئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بلوچستان لیبر فیڈریشن کے صدر خان زمان نے فیڈریشن میں شامل یونینز کے رہنماؤں اور فیڈریشن کے مرکزی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس قبل فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل قاسم خان نے ایجنڈا پیش کیا اور دیگر مزدور مسائل پر اظہار خیال کیا صوبائی حکومت کی جانب سے بینویلنٹ فنڈ کا نوٹیفکیشن نہ ہونا حکومت کی ناہلی ہے حالانکہ یہ رقم ملازمین کی تنخواہوں سے کٹتی ہے۔ فیڈریشن میں شامل رہنماؤ ں نے اتفاق کیا کہ وفاقی بجٹ مزدور دشمن اور غریب عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب ہے۔ وفاق بلوچستان کو اسکے وسائل کا پورا حصہ دے تاکہ بلوچستا ن حکومت اپنے ملازمین کو مراعات دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے۔ پٹرول کی قیمت بیس سال پرانی سطح پر آگئی مگر مہنگا ئی میں روز بروز اضافہ ہورہاہے غریب عوام خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں دوسا گزرنے کے باوجود صوبائی حکومت کی جانب سے ایک مسئلہ بھی حل نہیں کیا گیا فیڈریشن نے متعدد لیٹرز وزیر اعلی کو لکھے مگر نااہل حکمران صرف اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں جبکہ غریب ملارمین و عوام مسائل کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں ان مسائل کے پیش نظر بلوچستان لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام 22جون 2020سوموار کے روز کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے جائیں گے اجلاس میں نور الدین بگٹی دین محمد محمد عمر جتک عابد بٹ عارف نچاری عبدالعزیز شاہوانی ملک وحید کاسی سیف اللہ ترین ظفر خان رند حاجی عزیز اللہ فضل محمد عبدالحمید چراغ نے مزدور وعوام دشمن بجٹ پر بحث میں اظہار خیا ل کیا اور 22 جون کو بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہروں ریلیوں کے حوالے سے بھر پور رابطوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مزدور جدو جہد تیز کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں