بلوچستان میں نگراں وزیراعلیٰ کے معاملے نے بہت سی سیاسی جماعتوں کی قلعی کھول دی، میر قدوس
کوئٹہ (آن لائن) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر عبدلقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو بڑی بڑی باتیں اور دعوﺅں کے بجائے اپنے عمل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، بلوچستان میں نگران وزیراعلیٰ کے معاملے نے بہت سی سیاسی جماعتوں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے گلہ یا شکایت کسی سے نہیں وقت ثابت کر دیتا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا فیصلے کو رب کائنات کی مرضی مان کر تسلیم کیا جو ہوا اچھا ہوا لیکن کوئی اس مغالطے میں نہ رہے کہ قوت وہ رکھتے ہیں سب فیصلے پرودگار کی طرف سے اوپر سے ہوتے ہیں انسان صرف ذریعہ بنتے ہیں زمینی قانون میں تو ہم اپنے مقاصد کے لئے تبدیلیاں کرسکتے ہیں لیکن پروردگار کے فیصلے نہیں بدلے جاسکتے انہوں نے کہا بار بار کہہ رہا ہوں کہ کسی کو طعنہ نہیں دے رہا اور نہ شکایت کررہا ہوں لیکن حقیقت ضرور بیان کرنے کا حق رکھتا ہوں انہوں نے کہا کہ سیاست کے لئے ہم سب کچھ کرگزرنے کو تیار ہوتے ہیں لیکن قدرت کا جو فیصلہ ہوتا ہے اسی کو میں بھی تسلیم کرتا ہوں بلوچستان میں جو کچھ ہوا اس کی ابتدا ہماری مذہبی جماعت سے شروع ہوئی پھر اس میری حکومت میں شامل ایک پشتون قوم پرست جماعت کے رکن اور میری جماعت کے ایک اہم عہدے پر فائز شخصیت حصہ ڈالا اور پھر رات کی تاریکی میں صوبے کے اہم عہدے پر فائز قوم پرست جماعت کے رہنما نے اوپر سے آنے والے احکامات پر مہر ثبت کی، بہر حال دوستوں اور اپنے کسی اتحادی سے گلہ نہیں جو بھی ہوا اسے رب کی مرضی مانتا ہوں۔


