حکومت کا ریفرنس داخل کرناجذباتی اورلاابالی پن پر مبنی قدم تھا، سراج الحق

؎لاہور،امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کا ریفرنس داخل کرناجذباتی اورلاابالی پن پر مبنی قدم تھاجس کی وجہ سے آج عدلیہ نے ان کاریفرنس واپس کردیا ہے۔حکومت نے غلط اور بے بنیاد معلومات کی بنیاد پر ریفرنس دائر کرکے قوم اور عدالتوں کا وقت ضائع کیا۔حکومت عدلیہ اور میڈیا سمیت تمام اداروں پر کنٹرول چاہتی ہے۔ جس طرح سابقہ حکمران پارٹیاں جاگیرداروں اور سرمایہ کاروں کے ہاتھوں یرغمال تھیں اسی طرح موجودہ حکومت اس ٹولے کے ہاتھوں کھلونہ بنی ہوئی ہے۔موجودہ نظام فرعونی اورغیر جمہوری سوچ کا قائم کردہ ہے جو کسی صورت ملک میں جمہوریت کو پنپنے کا موقع نہیں دے گا۔جب تک سود پر مبنی استحصالی معاشی نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نہیں نکالا جاسکتا۔ملک کا آدھا بجٹ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کے سود کی ادائیگی میں چلاجاتا ہے۔چہرے بدل بدل کر آنے والوں نے قوم کے ہاتھوں میں آئی ایم ایف کی غلامی کی ہتھکڑیاں پہنا دی ہیں۔ موجودہ حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کی بجائے اس مخصوص کلاس کے مفادات کی تکمیل کو ترجیح اول بنالیا ہے۔قومی دفاع کومضبو ط بنانے کے لیے ذاتی مفادات کے اس کھیل کا خاتمہ ضروری ہے۔ اب تو سپریم کورٹ نے بھی تسلیم کرلیا ہے کہ ملک میں احتساب کے نام پر تباہی ہورہی ہے۔حکومت نے 18ویں ترمیم میں مزید ترمیم کا شوشہ موجودہ گھمبیر مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے چھوڑا۔اگلے ماہ پہلے سے چار سو گنا بڑے ٹڈی دل کے حملہ آور ہونے کی خبروں کو سنجیدگی سے لیا اور اس سے بچنے کیلئے ابھی سے تیاریاں کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں