فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف انجمن تاجران بلوچستان کی احتجاجی ریلی

کوئٹہ (آن لائن) انجمن تاجران بلوچستان کے زیر اہتمام رحیم آغا کی قیادت میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی منان چوک پر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے اسرائیلی پرچم بھی نذر آتش کیا مظاہرے میں ولی افغان، حیدر آغا، فاروق شاہوانی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل نے روز اول سے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے ہیں اور قبلہ اول پر قبضہ کر رکھا ہے فلسطینی نہتے عوام پر جس طرح بمباری کرکے ظلم کی مثال قائم کی جارہی ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ اس حساس موقع پر فلسطینی عوام اور حکومت کا بھر پور ساتھ دیں تاکہ اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اسے صفحہ ہستی سے نیست و نابود کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے معصوب بچوں، خواتین، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، ہسپتالوں کو نشانہ بناکر انسانی حقوق کی پامالی کرتے ہوئے انسانوں کا قتل عام کرکے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے اس طرح کے مظالم کی دنیا کی کسی بھی مذہب معاشرے میں مثال نہیں ملتی کہ تعلیمی اداروں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جائے۔ مظاہرین نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا اور فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں