جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن انتقال کر گئے

کراچی: جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن طویل علالت کے بعد حرکت قلب بند ہوجانے سے 79 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

منور حسن کافی عرصے سے بیمار تھے تاہم طبیعت زیادہ خراب ہونے پر گزشتہ کئی روز سے کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے اس دوران انہیں کچھ دن کے لیے وینٹیلیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے نجی چینل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سید منور حسن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تقریباً 20 روز سے کراچی کے امام کلینک میں زیر علاج تھے، گزشتہ ایک سے 2 روز میں ان کی طبیعت بہتر ہوئی تھی لیکن بالآخر وہ اپنے رب کے حضور جا پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ منور حسن نے دین کے لیے اور اس ملک کے لیے بہت خدمات سرانجام دیں اور اپنی سیاسی زندگی کا آغاز نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا تھا اس کے بعد وہ اسلامی جمعیت طلبہ میں شامل ہوئے ناظم اعلیٰ رہے اور پھر جماعت اسلامی میں شامل ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ لوگوں کی نظریاتی تربیت کرتے رہے اور لاکھوں نوجوانوں کو ملک میں دین کی خدمت کے لیے تیار کیا اور بے شمار بے سہارا، یتیموں اور بیواؤں کی امداد کے نظام قائم کیے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ نے کہا کہ ان کا انتقال اس ملک کے اہل دین پر بجلی بن کر گرا ہے وہ ساری زندگی دینی نظریہ بیان کرتے رہے، ان کے خیالات میں بہت وسعت تھی، وہ پاکستان کی سیاست کی اونچ نیچ کو اچھی طرح سے جانتے تھے، سچ پر ڈٹنے والے آدمی تھے۔

منور حسن کے بارے میں بات کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ ایک عظیم انسان اور ولی کامل انسان تھے جنہیں کبھی نماز کی ادائیگی کے دوسری صف میں نہیں دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ سابق امیر جماعت اسلامی طویل عرصے سے بیمار تھے اور انہیں رعشہ لاحق تھا تاہم گزشتہ 10 سے 15 روز سے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں وینٹلیٹر پر بھی منتقل کیا گیا تھا۔

منور حسن کی شخصیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اپنے ارادوں اور فیصلوں کے اٹل تھے، حق بات کہتے تھے کسی طاقتور کے سامنے نہیں جھکے، آمریت کے ادوار کا مقابلہ کیا، سیاسی دوستیاں نظریاتی مخالف سے بھی تھیں لیکن کبھی نظریات پر آنچ نہیں آنے دی۔

سابق امیر جماعت اسلامی کی نماز جنازہ 27 جون بروز ہفتہ نماز ظہر کے بعد ناظم آباد کے عید گاہ گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں