پبلک ٹرانسپورٹ کمپنیاں سیکورٹی کا نظام بنائیں، مسافروں کو سہولیات دیں، آر ٹی اے بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن)سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن کے ایک نوٹس کے مطابق تمام بس/ کوچ ٹرمینل کمپنی مالکان بلوچستان آگاہ کیا جاتاہے کہ اپنے پبلک ٹرانسپورٹ کمپنی ٹر مینل میں مسافروں کے لیے تمام سہولیات بمطابق ٹرانسپورٹ قوانین اور پالیسی کے تحت فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ان سہولیات میں ٹرمینل / کمپنی کے احاطے میں سی سی ٹی وی کیمرہ کی تنصیب لازمی ہے۔ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ واش روم کی سہولت یقینی بنائی جائے۔مسافروں کے سامان کے چیکنگ کے لیے ڈیٹکٹر کا استعمال کیا جائے۔مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ انتظار گاہ کی سہولت مہیا کی جائے۔ٹرمینل /کمپنی میں مردوں اور خواتین کے لیے نماز کی جگہ الگ الگ مختص ہونی چاہئے .بس/کوچ میں غیر ضروری تیل کی ٹینکی یا ایسا خفیہ خانہ جس میں غیر قانونی اشیائ جو حادثات کا سبب بنتی ہیں موجود نہ ہوئے۔ متعلقہ کمپنی ٹرمینل میں دیگر کمپنی کی گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ ٹرمینل / کمپنی گاڑیوں کے آنے اور نکلتے وقت ٹریفک روانی میں خلل پیدا نہ کرے۔ ٹرمینل / کمپنی کے احاطے میں کنٹین موجود ہو جو فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ ہو۔ ٹرمینل / کمپنی میں آگ بجھانے والا آلہ موجود ہونا چاہئے۔ٹرمینل / کمپنی کی تمام بسوں/ کو چز میں ٹریکر ڈیوائس کی تنصیب لازمی ہے۔ ٹرمینل / کمپنی کے تمام PSV ڈرائیورز کے نشہ آور ٹیسٹ کرا کر دوران سفر رپورٹ اپنے ہمراہ رکھیں.ان تمام ہدایات پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں بصورت دیگر ضروری قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے بس کو ضبط کرکے ٹرمینل / کمپنی کو سیل کر دیا جائے گا۔


