محکمہ پی ایچ ای کیسکو کا سب سے بڑا نادہندہ نکلے، 80 کروڑ سے زائد کے واجبات

لورالائی(این این آ ئی)کمشنر لورالائی ڈویژن بالاچ عزیز کی صدارت میں سرکاری محکموں کے ذمہ کیسکو واجبات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر لورالائی سجاد اسلم بلوچ ،سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکو لورالائی سرکل سید عبداللہ شاہ ،سپرنٹنڈنگ انجینئر پی ایچ ای عبدالغفور مری ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن کلیم اللہ اور دیگر تمام سرکاری محکموں کے ڈویژنل و ضلعی آ فسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سرکاری محکموں کے ذمہ واجبات کے حوالے غور کیا گیا جس میں کمشنر آ فس، ڈپٹی کمشنر آ فس سمیت تمام محکموں کے بقایاجات کی تفصیل بتائیں گئیں سپرنٹنڈنگ انجینئر کیسکو سید عبداللہ شاہ نے کہا کہ سب سے زیادہ بقایاجات محکمہ پی ایچ ای کے ذمے ہیں جو تقریباً 80 کروڑ سے بھی زائد ہیں دیگر محکموں کے اوپر بھی بقایاجات ہیں جن کو بارہا جمع کرنے کی اطلاع دی گئی ہے لیکن پھر بھی کروڑوں روپے کے بلز ہیں جو ابھی تک جمع نہیں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا جس بھی محکمہ کا کوئی مسئلہ یا اعتراض ہے تو وہ بتائیں اس کی شکایت دور کی جائے گی۔کمشنر لورالائی ڈویژن بالاچ عزیز نے شرکاءسے کہا کہ تمام سرکاری محکمے کیسکو کی واجبات جمع کریں جتنا بجٹ دستیاب ہیں وہ پے کرو مزید اپنے ڈیپارٹمنٹ سے ڈیمانڈ کرو انہوں نے کیسکو حکام سے کہا کہ سب ایک موقع دے دو کہ وہ اپنے بقایاجات جمع کریں اگر انہوں نے واجبات جمع نہیں کئے تو بھر بعد میں ان کے کنکشن منقطع کر یں۔اجلاس میں بعض محکموں کے آفسران نے غلط ریڈنگ ،اوور بلنگ اور میٹر کے بغیر بل کی شکایت کی جس پرکمشنر نے مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں