بھارت سے امن کی بھیک نہیں مانگیں گے، اسرائیلی ہٹ دھرمی خطے کو آگ میں جھونک سکتی ہے، انوار الحق

اسلام آباد (انتخاب نیوز) نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو غزہ کی آگ پورے خطے میں پھیل سکتی ہے۔ اسکائی نیوز العربیہ کو دیے گئے انٹرویو میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ غزہ میں صہیونی فوج کا ظلم ر±کنا چاہیے، غزہ میں جنگ بندی کیلئے ممالک کے ساتھ مل کر پاکستان نے کردار ادا کیا۔ نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان غزہ میں اسرائیل کے مظالم کی مذمت کرتا ہے، مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں۔ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے متعلق نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان 50 سال سے افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے، ہمارے یہاں افغانیوں کو دوسری کیٹگری موجود ہے جن کے پاس کوئی دستاویز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی فرض ہے کہ سرحدوں سے نکلنے اور داخل ہونے والوں کا قانونی ریکارڈ ہو، افغان مہاجرین کے حوالے سے آئین و قانون کے مطابق حل نکالا جائے گا۔ موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی فنانسنگ کی وکالت کرتا رہا ہے، ایسے ممالک اور معیشتیں ہیں جن کا کاربن کے اخراج میں زیادہ کردار نہیں وہ موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، پاکستان کو اس کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا، پاکستان کاپ 28 میں 30 ارب ڈالر کے فنڈز کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہے، متحدہ عرب امارات کے اربوں ڈالر کے اعلان سے عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ مسئلہ کشمیر پر نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے، خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن بھارت سے امن کی بھیک نہیں مانگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں