نائجیریا کی فوج کا جشن میلاد النبی کے اجتماع پر ڈرون حملہ، 85 افراد جاں بحق

ابوجا (مانیٹرنگ ڈیسک) نائیجیریا کی فوج نے غلطی سے جشن میلاد النبی کی تقریب پر ڈرون حملہ کردیا جس کے نتیجے میں85 افراد شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اتوار کی رات کو ریاست کدوناکی ایگابی کونسل کے علاقے میں نائیجیریا کی فوج کی جانب سے غلطی سے ڈرون حملہ اس وقت ہوا جب مقامی مسلمان حضرت محمد کے یوم ولادت کی مناسبت سے منعقد کی گئی تقریب میں جمع تھے۔ حکام نے پیر کو بتایا کہ نائیجیریا کے ایک فوجی حملے جس میں باغیوں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون کا استعمال کیا گیا لیکن وہ غلطی سے مذہبی تقریب پر گرگیا اور کم از کم 85 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اب تک 85 لاشوں کو دفنایا جا چکا ہے جبکہ دیگر افراد کی تلاش ابھی بھی جاری ہے۔ دوسری جانب ایمنسٹی انٹرنیشنل کے نائیجیریا کے دفتر نے ڈرون حملے میں 120 افراد کے شہید ہونے کی رپورٹ دی ہے جس میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔ کدونا میں آپریشنز کے انچارج نائیجیرین آرمی ڈویژن کے سربراہ نے پیر کو ایک سکیورٹی میٹنگ کے دوران کہا کہ ڈرون آپریشن ایک معمول کی کارروائی تھی، نائیجیریا کی فوج تخریب کاروں کے خلاف معمول کے مشن پر تھی لیکن نادانستہ طور پر اس کارروائی میں سیویلین آبادی نشانہ بن گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے درمیان نائیجیریا کی سکیورٹی فورسز کے فضائی حملوں میں سویلین آبادی کی حادثاتی طور پر ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں