جنگ بندی کی قرار داد ویٹو کر نا امریکہ کا جنگی جرم ہے، فلسطین مزاحمتی تنظیم

بیروت (صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سینئررہنما عزت الرشق نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق پیش کی گئی قرار داد ویٹو کر نافلسطینی قوم کے خلاف سنگین جرم ہے۔ حماس رہنما نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جرائم میں صہیونی دشمن کے ساتھ ساتھ برابر کا مجرم ہے ۔اسلامی تحریک مزاحمت(حماس)کے ایک سینئر رہنما عزت الرشق نے اسرائیل پر انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا الزام عائد کیا ہے۔ یہ الزام سوشل میڈیا کے ذریعے فلسطینی اسیران کی ایسی تصاویر سامنے لانے کے بعد دھرا گیا ہے۔ تصاویر میں اسرائیلی فوج نے ان اسیر فلسطینیوں کے زیر جامہ کے اتارے جانے کی تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر دکھائی ہیں۔اسرائیل کی اس انسانیت کے خلاف توہین آمیز اسرائیلی اقدامات کی مذمت کرنے والے عزت الرشق فلسطین سے باہر جلاوطنی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس واقعہ کا نوٹس لینے کے لئے کہا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان اسیران کی رہائی کے لئے مدد کی جائے ۔بین الاقوامی صلیب احمر نے بھی فلسطینی اسیران کی نیم برہنہ تصاویر بنا کر اچھالے جانے پر تشویش ظاہر کی ہے اور کہا ہے تمام اسیران کو عزت اور وقار کے ساتھ رکھا جانا چاہیے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق ان کے حقوق کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں