فلسطینی عوام کو اسرائیل بدترین نسل کشی کا نشانہ بنا رہا ہے، صدر عارف علوی

اسلام آباد (صباح نیوز)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے، پاکستان نے تمام اقلیتوں کیلئے سازگار ماحول اور مساوی مواقع فراہم کئے ہیں جنہیں برابر سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق حاصل ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بین الاقوامی توجہ کی متقاضی ہے تاکہ بھارت کا محاسبہ کیا جا سکے ۔ انسانی حقوق کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پاکستان کا آئین شہریوں کے بنیادی حقوق کا ضامن ہے اور حکومت نے ان حقوق کے تحفظ کے لئے کئی قانونی، سماجی اور معاشی اقدامات کئے ہیں۔صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے تمام اقلیتوں کیلئے سازگار ماحول اور مساوی مواقع فراہم کئے ہیں جنہیں برابر سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق حاصل ہیں۔انہوں نے کہا یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ فلسطینی عوام کو ان حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے اور انہیں اسرائیل کی طرف سے بدترین ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری اسرائیل کی جوابدہی کرنے اور فلسطینی عوام کی نسل کشی روکنے میں ناکام ہو گئی ، اسی طرح بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھی انسانی حقوق کی صورتحال بین الاقوامی توجہ کی متقاضی ہے تاکہ بھارت کا محاسبہ کیا جا سکے جس نے مقبوضہ علاقے میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں