عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن اور جیل ٹرائل کیخلاف درخواست لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کو ارسال

لاہور(صباح نیوز)سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن اور جیل ٹرائل کے خلاف درخواست سماعت کے لئے لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کو بھجوا دی گئی۔لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن اور جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے سابق وزیراعظم کی درخواست سماعت کے لیے فل بینچ کے روبرو پیش کرنے اور نوٹیفکیشن کے تمام ریکارڈ درخواست سے منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔دوران سماعت جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو ہے، اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہو چکا ہے؟ ۔وکیل نے جواب دیا کہ سائفر گمشدگی، القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا، اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا وہ تمام ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگایا ہے؟۔جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ ایک کیس میں آرڈر کردیں تو باقیوں پرکیا اثر ہوگا، بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی درخواست لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کو بھجوا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں