وفاقی حکومت کا الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن سے آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے احد چیمہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے کی سماعت کی، جس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن انعام اللہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور بتایا کہ احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن رات کو ہو گیا ہے۔سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈو یژن انعام اللہ نے آئی جی اسلام آباد اور ڈی سی اسلام آباد کو عہدوں سے ہٹانے کے معاملے پر بتایا کہ وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس بیورو کی جانب سے دہشت گردی کے واقعات کی رپورٹ جاری کی ہے۔ اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے۔الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن ان دونوں افسران کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ان دونوں افسران کو برقرار رکھا جائے ۔وزیر اعظم نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آئی جی اور ڈی سی اسلام آبادکی تبدیلی کیلئے ہمیں حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن آئی جی اور ڈی سی اسلام آباد کو ہٹانے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کو ہم دیکھ لیں گے۔ آپ آج (بدھ ) تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں