وزیراعلیٰ کی عوامی خدمات کی فراہمی کے اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے آن لائن کمپلینٹ پورٹل قائم کرنے کی ہدایت

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے آزمائشی بنیادوں پر عوام کے لئے پولیس کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور عوامی خدمات کی فراہمی کے دیگر اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے آن لائن کمپلینٹ پورٹل قائم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کا مقصد عوام کو اپنی شکایات براہ راست مجاز حکام تک پہنچانے کی سہولت کی فراہمی ہے، وزیراعلی ڈیلیوری یونٹ کی کارکردگی اور امور سے متعلق دی جانے والی بریفنگ کے لئے منگل کے روز منعقدہ اجلاس کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ وزیراعلی ڈیلیوری یونٹ کے قیام کا مقصد حکومتی نظام کو بتدریج ای گورنس کی جانب لے جانا ہے جس سے حکومتی امور کی بہتر اور تیز رفتار انجام دہی ممکن ہو گی اور محکموں کی کارکردگی کی نگرانی کے ذریعہ اسے بہتر بنانا ممکن ہو سکے گا،وزیراعلی نے سی ایم ڈی یو کے تحت قائم فائل ٹریکنگ سسٹم کو ڈویژن اور اضلاع تک وسعت دینے کی ہدایت بھی کی، وزیراعلی نے کہا کہ سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس رابطوں کا آسان تیز رفتار اور ارزاں ذریعہ ہے جس سے نہ صرف ہم اپنا پیغام فور ی اور موثر طور پر عوام تک پہنچا سکتے ہیں بلکہ عوامی مسائل سے آگاہی بھی حاصل کر کے انکے حل کے اقدامات کر سکتے ہیں جبکہ بلوچستان کا مثبت تاثر اور اپنے وسائل کو دنیا کے سامنے پیش کر سکتے ہیں، وزیراعلی نے ڈیلیوری یونٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے اس کی مزید وسعت کی ہدایت بھی کی، انہوں نے پی ایس ڈی پی آٹومائیزیشن اور مانٹرنگ سسٹم،بلوچستان ڈیٹا سینٹر کے قیام اور ڈسٹرکٹ اٹلس کی تیاری کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت بھی کی، وزیراعلی نے کووڈ۔19 میں کام کرنے والے رضا کاروں کی حوصلہ افزاکے لئے انہیں تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا، اس موقع پر وزیراعلی کو ڈیلیوری یونٹ کے جاری اور مجوزہ افعال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جن میں کووڈ لیب ٹیسٹ مینجمنٹ سسٹم،ڈیٹامینجمنٹ سسٹم،کال سینٹر،ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم اور بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ مینجمنٹ سسٹم شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں