ن لیگ بلوچستان اور ضلعی انتخاب جعلی ہیں، رہنماؤ ں کی پریس کانفرنس

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کور کمیٹی بلوچستان کے رہنماوں نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان اور ڈسٹرکٹ میں انٹراپارٹی الیکشن کو جعلی اور غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی قیادت اور سینئر قائدین نے بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) کو مزید تقسیم اور تباہی سے بچانے کیلئے فوری اورسنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے تو ہم بلوچستان کے تمام اضلاع کے کونسل ممبرانکا اجلاس بلاکر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے یہ بات مسلم لیگ (ن)کورکمیٹی کے رہنماوں میراصغر مری،اشرف ساگر،عبدالظاہر آغا،عبدالرحمن ریکی،احمد نواز مری،عمانویل مسیح اوردیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ 23نومبر2018ء کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے انٹراپارٹی الیکشن جعلی اور غیرآئینی بنیادوں پر منعقد کروائے گئے جس میں صوبے کے 34اضلاع میں سے 13اضلاع بھی اس جعلی پروسیس کا حصہ نہ بنے اور پارٹی کے دیرینہ حقیقی نظریاتی ساتھیوں نے باہمی مشاورت سے اس جعلی عمل کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کیااوراب بھی کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور ہم اپنے موقف پر قائم ہیں کہ 23نومبر کے انٹراپارٹی الیکشن غیرآئینی،غیر جمہوری اور جعلی تھے کیو نکہ پارٹی کے صوبائی سینئر قیادت،مجلس عاملہ اور صوبائی کونسل کو بائی پاس کرکے ایک مخصوص ٹولے نے بلوچستان میں پارٹی کو تقسیم کرنے کی بنیاد رکھی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ مخص ٹولہ کسی خاص ایجنڈے پر کارفرما ہے جس کا واضح ثبوت صوبے میں ان غیرآئینی جعلی عہدیداروں کی ناقص کارکردگی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی طور پر پارٹی کو نقصان سے بچانے کے لئے کئی بار مرکزی صدر اور دیگرقائدین کو زبانی و تحریرطورپر آگاہ کیا مگرتاحال مرکزی قیادت نے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے پارٹی کی قیادت کو جھوٹے کیسز میں قید و بند اورمشکلات دیکھ کر ہم خاموش رہے مگر اب چونکہ صوبے میں پارٹی کی مزیدتقسیم اورتباہی و بربادی کو دیکھ کر خاموش رہنے کا مقصد پارٹی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے کے مترادف ہوگا ہم پارٹی کے مرکزی صدر اور دیگر قائدین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پارٹی کو مزیدتقسیم اور تباہی سے بچانے کیلئے فوری اور سنجیدہ اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر ہم بلوچستان کے تمام اضلاع کے کونسل ممبران کا اجلاس بلاکر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے۔انہوں نے کہا کہ قائد عوام میاں محمد نواز شریف کو جھوٹے کیسز میں سزا سنانے والے جج کی برطرفی کے بعد ہم سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ میاں نواز شریف کے تمام کیسز کو ختم کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں