اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا، نتائج مسترد اور جیتی ہوئی دو نشستیں چھوڑ رہے ہیں، پیر پگارا

کراچی (انتخاب نیوز) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس ( جی ڈی اے) اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی (پیر پگارا) نے احتجاجاً سندھ اسمبلی کی دو نشستیں چھوڑنےکا اعلان کردیا۔ کراچی میں جی ڈی اے کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیر پگارا کا کہنا تھا کہ جب فیصلہ ہوچکا کہ سندھ پیپلز پارٹی کو دینا ہے تو یہ دو نشستیں بھی زرداری صاحب کو دے دیں۔ پیر پگارا نے دعویٰ کیا کہ مجھے کہا گیا کہ زرداری صاحب سے الائنس کرلو، نشستیں مل جائیں گی، منع کیا تو کہا کہ پھر جی ڈی اے کے سامنے صفر لکھا ہوا ہے، ایم کیو ایم کے سامنے15ہے۔ پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں، یہ اینٹی اسٹیٹ الیکشن تھا، یہ ریٹرننگ افسران کا نہیں کسی اورکا کام ہے، ہم یہ 2 سیٹیں بھی واپس کردیں گے، ہم قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کریں گے، ہمارے احتجاج میں ایمبولینس کوکوئی نہیں روکے گا، ہم کوئی خیرات کی سیٹیں نہیں لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی دوست نے مشورہ دیا کہ جی ڈی اے ختم کردو، میں نے کہا کہ میں جی ڈی اے ختم نہیں کرسکتا۔ رہنما جی ڈی اے صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ ہم اگلی حکومت نہیں چلنے دیں گے، جب تک شفاف انتخابات نہیں ہوتے ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں