پاکستان کی جانب سے غزہ کیلئے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ کردی گئی

کراچی (انتخاب نیوز) غزہ کے لئے پاکستان سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ روانہ۔ خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی۔ فلسطینیوں کی مدد کے لئے پاکستان کی جانب سے امدادی سامان کی چھٹی کھیپ خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی ایئر پورٹ سے روانہ کر دی گئی۔ 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل کھیپ میں 30 ٹن موسم سرما کے لیے خیمے اور کمبل جبکہ 70 ٹن طبی سامان اور خشک خوراک شامل ہے۔ پاکستان میں تعینات فلسطین کے سفیر،این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے امدادی سامان کی روانگی تقریب میں شرکت کی۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق خصوصی پرواز امدادی سامان لے کر مصر کے شہر العریش پہنچے گی جہاں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے۔ امدادی سامان کی وصولی کے بعد تقسیم کے لئے غزہ روانہ کر دیا جائے گا۔ امدادی سامان کی چھٹی کھیپ 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل ہے جس میں 30 ٹن موسم سرما کے لیے خیمے اور کمبل جبکہ 70 ٹن طبی سامان اور خشک خوراک شامل ہیں۔ پاکستان کی جانب سے اب تک غزہ کی مصیبت زدہ عوام کے لئے پانچ پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 230 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔ امدادی سامان میں غزہ کے مصیبت زدہ عوام کے لیے موسم سرما کے لیے خصوصی خیمے، کمبل، سرجیکل سامان، ادویات اور فوڈ پیکس شامل تھے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں