بلاول وزیراعظم نہیں تو اپوزیشن میں بیٹھا جائے، پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاور شیئرنگ فارمولے پر پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں جاری ہے۔ سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے ن لیگ سے ملاقات کے حوالے سے سی ای سی اراکین کو آگاہ کیا، جب کہ آصف زرداری نے دیگر جماعتوں سے رابطوں سے آگاہ کیا۔ آصف زرداری نے کہا کہ سندھ میں دیگر جماعتوں کو شمولیت کی دعوت دی جائےگی۔بلاول کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی طرف سےاہم عہدوں کی پیشکش کی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی ’اراکین کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے حصول کیلئے باقی جماعتوں سے رابطے کیے جائیں، اگر بلاول وزیراعظم نہیں بنتے تو اپوزیشن کا کردار ادا کیا جائے‘۔ اجلا س میں حتمی فیصلہ سازی کا اختیار آصف زرداری اور بلاول بھٹو کو دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیپلزپارٹی کی بلوچستان میں حکومت سازی پر امور زیرغور آئے، بلوچستان میں حکومت سازی کیلئے جے یو آئی ف، بی اے پی سمیت آزاد اراکین سے رابطوں پراتفاق ہوا۔ جب کہ اراکین نے رائے دی کہ ’بلوچستان میں وزیراعلیٰ پیپلزپارٹی کا ہونا چاہیے‘۔ اجلاس میں نیئربخاری، شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضا گیلانی ، شازیہ مری، سرفرازبگٹی شریک ہیں۔ اس کے علاوہ تاج حیدر ، سعیدغنی، مراد علی شاہ ، عبدالقادر پٹیل اور دیگر اجلاس میں شریک ہیں۔ ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے سی ای سی اجلاس میں ن لیگ کی تجاویز پیش کردی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں