پی ٹی آئی 9 مئی جیسا واقعہ کرنا چاہتی ہے، پاکستان میں پروپیگڈا کو بین الاقوامی میڈیا نے اٹھایا، جان اچکزئی

کوئٹہ(آن لائن) نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے پی ٹی آئی کی جانب سے 9 مئی کے واقعے کی طرح مزید بدامنی پھیلانے کے امکانات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کے حامی اشتعال انگیز بیان بازی کے ذریعے پاکستان کے سیکورٹی اداروں پر الزامات لگا کر انہیں بدنام کر رہے ہیں ایک بیانیہ گھڑا جارہا ہے جس میں انتخابی نتائج کا موازنہ سابق مشرقی پاکستان کے الیکشن کے نتائج کے ساتھ کیا جارہا ہے۔ حالانکہ بدقسمتی سے مشرقی پاکستان بھارتی سازش اور اس وقت کے مشرقی پاکستان کے لیڈرشپ کے ایما پر ہم سے جدا ہوا۔ اس وقت کے انتخابات کا آج کے انتخابات سے موازنہ قطعی طور پر لغو اور من گھڑت پروپیگنڈہ ہے۔ اس بے بنیاد پروپیگنڈے کو بین الاقوامی میڈیا نے اٹھایا ہے۔ جس سے ملک کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔ یہ ایک اشتعال انگیز، نقصان دہ اور تکلیف دہ عمل ہے۔ جان ا چکزئی نے کہا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کو بدنام کرنے اور ان کی قانونی حیثیت کو دا پر لگانے کے عمل کی بنیاد پر پی ٹی آئی سمیت ایسے گروہوں اور جماعتوں پر پابندی لگانے پر غور کرنے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے خدشات و اعتراضات کو دور کرنے کے لیے متعلقہ فورمز موجود ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ سنجیدہ مکالمے اور جمہوری اصولوں کی پاسداری کا راستہ اپنایا جائے۔ پاکستان کی ترقی خوشحالی اور سا لمیت کیلیے سب سے بہتر چوائس ملک کا آئین اور اسکے متعین کردہ راہنما اصول ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں