پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ کو دوبارہ وزیراعلیٰ سندھ بنائے جانے کا امکان

کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کو ایک مرتبہ پھر وزیراعلی سندھ بنائے جانے کا امکان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 14 رکنی سندھ کابینہ تشکیل دی جائے گی، 2 مشیر بھی شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں میں سے پیپلزپارٹی نے 84 میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔29جولائی 2016 کو سینئر رہنما مراد علی شاہ نے وزیر اعلی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔2018کے انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی کی کامیابی کے بعد مراد علی شاہ کو وزیراعلی نامزد کیا گیا تھا، 18 اگست 2018 کو انہوں نے دوسری بار وزیر اعلی سندھ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔مراد علی شاہ نے اپنے کیریئر کا آغاز 1986 میں واپڈا سے بطور جونیئر انجینئر کیا اور پہلی بار 2002 کے عام انتخابات میں جامشورو کے حلقہ پی ایس 73 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور یوں ان کا سیاسی کیریئر شروع ہوا۔وہ 2007 میں اور پھر 2014 کے ضمنی انتخابات میں بھی اسی نشست سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں