الیکشن کمیشن مبینہ دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے، آرٹیکل 6 لگایا جائے، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ (آن لائن) جھالاوان عوامی پینل کے زیر اہتمام ندیم الرحمن بلوچ کی قیادت میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔ ریلی کے شرکاءنے بینرز ،پلے کارڈ اور جھنڈے اٹھا رکھے جن پر الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر نعمان ساسولی، حافظ نصیر مینگل، میر عدنان مینگل، شہباز دہوار و دیگر بھی موجود تھے۔ مقررین نے کہا کہ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی کئی ایسے پولنگ اسٹیشن تھے جن کو جلایا گیا تھا وہاں پر ووٹ کاسٹ ہی نہیں ہوئے تھے وہاں ہزاروں کی تعداد میں ووٹ کاسٹ کیسے کئے گئے قوم پرست سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں انہوں نے اپنی مرضی کے آر اوز ، ڈی آر اوز اور دیگر اسٹاف تعینات کرکے دھاندلی کے ریکارڈ توڑ دیئے جن نشستوں پر ہار چکے ہیں وہاں دھاندلی کا ڈھونگ رچارہے ہیں اور جن نشستوں سے جیت چکے ہیں ان پر خاموش ہیں ان کی دوغلی پالیسی عوام کے سامنے عیاں ہوچکی ہے ۔ الیکشن کمیشن مبینہ دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے ہم مطالبہ کرتے ہیں الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگایا جائے اگر دھاندلی کے تحقیقات کرکے انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے تو ہم بھر پور تحریک چلائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری الیکشن کمیشن سمیت متعلقہ اداروں پر عائدہوگی۔ مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طو رپر منتشر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں