ڈیڑھ دو سال مشکل فیصلے کرنا ہونگے، یقین ہے ملک مشکلات سے نکل جائے گا: نواز شریف

سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان زخمی ہے، اسے مشکلوں اور مصیبتوں سے نکالنا ہے، اگلے ڈیڑھ دو سال مشکل ہوں گے اور مشکل فیصلے کرنا ہونگے لیکن یقین ہے انشاء اللہ ملک مشکلات سے نکل جائے گا۔مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں نواز شریف کا کہنا تھاکہ ہمارے ارکان بہت سخت لڑائی لڑ کر قومی اسمبلی میں پہنچے ہیں، واسطہ ایسے لوگوں سے پڑاہے جن کی مجھےکبھی سمجھ نہیں آئی، بانی پی ٹی آئی جب گرے تو میں سب سے پہلے اسپتال پہنچا اوربنی گالہ میں مل کر آیا تو پتہ چلا کہ لندن میں طاہرالقادری سے اتحاد ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ لندن میں پاکستان میں دھرنوں کا پلان بنایا گیا، ایک طرف دھرنے تھے دوسری طرف دہشت گردی تھی، دھرنے ہوتے رہے ہم موٹروے اوربجلی کے کارخانے لگاتے رہے، دھرنے ہوتے رہے ہم دہشت گردی کے خلاف لڑتے رہے۔ان کا کہنا تھاکہ مجھے فارغ کرنے والے جج کسی کو منہ دکھانے کے قابل ہیں؟ ججوں نے مجھے غصے سے نکالا، یہ کیا غصہ تھا؟ ججوں نے پاکستان کے ساتھ غلط کیا، یہ نقصان انہوں نے نوازشریف کو نہیں بلکہ ملک کو نقصان پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں