حکمرانوں کو ریاست مدینہ کی تاریخ کا پتہ ہی نہیں:حافظ حمد اللہ

کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما ء و سابق سینیٹر مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے عوام کا معاشی قتل ہورہا ہے، ناقص پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے، سلیکٹڈ کی برسراقتدار آئے دنوں سے زیادہ یوٹرن زیادہ ہیں۔ کراچی میں مختلف مقامات پر دیئے گئے عشائیوں اور استقبالیہ تقریبات سے خطاب اور وفود سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ موجودہ حکمران گفتار کے غازی ہیں تاہم ان کی کارکردگی صفر ہے، بلند و بانگ دعوے کا سہارا لے کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکا جارہا ہے، ریاست مدینہ کے خوشنماء نعرہ لگا کر قوم کو دھوکا دیا گیا حقیقت میں اسلام کے اصولوں سے ناآشنا حکمرانوں کو ریاست مدینہ کی تاریخ کا پتہ ہی نہیں ہے، آج ان کی انہی احمقانہ پالیسیوں،فیصلوں اور بیانات سے بین الاقوامی سطح پر ملک کی جنگ ہنسائی ہورہی ہے۔ پی آئی اے پروازوں پر پابندی اور قومی ائیرلائن کی بدنامی کا سبب موجودہ حکمران ہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک کو ایسے مسائل اور مشکلات پیش آتے ہیں تاہم وہ بہتر حکمت عملی اور بصیر کے ساتھ ان پر قابو پالیتے ہیں جبکہ یہاں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے معاملہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے آنکھوں میں دھول جھونکنے میں ماہر حکمرانوں کا مکرو و فریبی دور کا اختتام قریب ہے عوام باشعور ہوچکا ہے اب وہ ان کے خوشنماء اور خالی خولی نعروں میں نہیں آئیں گے۔ اس موقع پر جمعیت علمااسلام ضلع جنوبی کے جنرل سیکرری قاری نورالامین، ضلع جنوبی کے قائم مقام امیر مولانا سید حسین احمد مدنی، ضلع غربی کے سالار سعید مہمند، ضلع شرقی کے رہنما مفتی امان اللہ عابد، مولانا عبدالحلیم عابد، ترجمان ضلع شرقی جمال خان کاکڑ، ضلع جنوبی کے رہنما حاجی عبداللہ صابر، ضلع جنوبی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سعید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں