موجودہ حکومت نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے،مولانا واسع

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر ورکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اورجمعیت علما اسلام کا ملک کے موجودہ صورتحال پر ایک ساتھ چلنے سے جمہوری نظام مضبوط ہو گا، ملک میں آئین وقانون کی بالادستی قائم ہو گی، موجودہ حکومت نے ملک کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا ہے جس کی وجہ سے آج تمام ادارے مفلوج ہو کر رہ گئیں، وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کی تمام سیاسی واپوزیشن جماعتیں ملکر موجودہ حکومت کے خاتمے میں اپنا کردار اداکریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے شروع دن سے ملک میں آئین وقانون کی بالادستی کے لئے طویل جدوجہد کرتی آرہی ہے،پیپلز پارٹی کے ساتھ مستقبل کے فیصلے ہونے سے اہم پیشرفت ہو گی اورملک میں آئین وقانون کی بالادستی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ موجودہ حکمران ملک کی ترقی وخوشحالی نہیں چاہتے اور ان حکمرانوں کی وجہ سے آج صورتحال گھمبیر ہو تی جار ہی ہے وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی واپوزیشن جماعتیں ملک کی بہتر مفاد اور آئین وقانون کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کریں انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شہلا سمیع کاکڑ نے سانحہ آٹھ اگست کے دوران زخمی وکلا کے لئے جو قربانیاں دی اور انسانیت کی خاطر علاج ومعالجے کے لئے جو کردار ادا کیا تھا وہ قابل تحسین ہے اور ان کے انتقال سے ایک خلا پیدا ہو گئی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا جس دن سانحہ رونما ہو ا تھا اس دن صرف واحد یہ خاتون ڈاکٹر تھی جنہوں نے سانحہ آٹھ اگست کے وکلا اور شہریوں کی طبی امداد میں اپنا کردار ادا کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں