کوئٹہ کراچی شاہراہ کو پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کی جارہی ہے، اسلم بھوتانی

کوئٹہ: لسبیلہ گوادر سے منتخب آزاد رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر وفاقی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام کا دیرنیہ مطالبہ تھا جسے وفاقی حکومت نے پورا کرنے جارہی ہے، اپنے ایک بیان میں رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے پر 200ار ب لاگت آئیگی اگر چہ یہ منصوبہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل نہیں ہے لیکن حکومت اسے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کر رہی ہے جس سے اگلے سا ل مارچ،اپریل تک منصوبے کی فیزیبلٹی پر کام مکمل ہوجائیگا وفاقی حکومت منصوبے کے لئے پرائیویٹ کمپنیوں کوراغب کر رہی ہے جس طرح کراچی حیدرآباد ایم 9شاہراہ کو تعمیر کیا گیا اسی طرز پر کوئٹہ کراچی شاہراہ کوبھی دو رویہ کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ منصوبے کے حوالے سے پلاننگ کمیشن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میٹنگ بھی ہوئی جس میں آر سی ڈی شاہراہ کو دو رویہ کرنے کی منظور ی دے دی گئی ہے، اسلم بھوتانی نے کہا کہ ہمیں ٹول ٹیکس دینے کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا تاکہ پرائیویٹ کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں بلوچستان میں اکثر کمپنیاں پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت کام کرنے سے اس لئے بھی ہچکچاتی ہیں کیونکہ یہاں ٹول ٹیکس کا کلچر اچھا نہیں ہے ظاہر ہے جو کمپنیاں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کریں گی انہیں اپنا سرمایہ بھی محفوظ رکھنا ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت منصوبہ بنا رہی ہے کہ کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کو بھی ایم 9کراچی حیدرآباد شاہراہ کی طرح 25سال کے لئے پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کے تحت چلایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ 200ارب کی لاگت سے جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو اس سے بلوچستان میں ٹرانسپورٹرز کی بہتری جبکہ صوبے کی عوام کو آرام دہ، بہتر سفری سہولیات دستیاب ہونگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں