قوم پرست جماعت کے دعوے کے جھوٹ کا پلندہ ہیں، ضیا لانگو

کوئٹہ:صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبر میں قوم پرست جماعت کے دعوں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوان پر اب حقیقت کھل چکی ہے اور وہ مزید انہیں ورغلا نہیں سکتے بہتر ہے کہ وہ اب سیاست سے کنارہ کشی اختیار کریں اور اپنی عاقبت بنانے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ قوم پرست جماعت کی جانب سے بعض مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبر میں دعوی کیا گیا تھا کہ کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ کی منظوری قوم پرست جماعت کی مرکزی قیادت کی کوششوں سے ہوئی ہے، مذکورہ خبر میں بازیاب ہونے والے لاپتہ افراد کے مسئلہ کو بھی الجھانے اور اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی گئی ہے، صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے 100لاپتہ افراد کی بازیابی کا کہا تھا جس میں کسی اور کا کوئی کردار نہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت روز اول سے وفاق حکومت کے تعاون سے صوبے اور اس کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ اس مقصد میں اسے خاطر خواہ کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے، میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ جھوٹے دعوے کر کے سیاست نہیں کر سکتے، بلوچستان کے نوجوان باشعور ہیں اور بلوچستان عوامی پارٹی مقامی اور قومی سطح پر ان کے مسائل حل کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی کوششوں سے ہی ممکن ہوا کہ کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ کی منظوری ہو سکی، انہوں نے کہا کہ انشااللہ اس شاہراہ کی تعمیر کے علاوہ صوبے کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ اکیسویں صدی ہے بلوچستان کے عوام کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں کے بجائے ٹھوس کارکردگی کو دیکھتے ہیں لہذا نوجوانوں کے جذبات کا استحصال کرنے، انہیں جھوٹے خواب دکھانے کا وقت ختم ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں