آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا پیکج، پاکستان اپریل میں درخواست دے گا
اسلام آباد(آن لائن )پاکستان نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا پیکج لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے باقاعدہ درخواست مارچ کے آخری یا اپریل کے پہلے ہفتہ میں دیدی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نیا معاشی پیکج تین سال کےلئے لے گا، پیکج میں چھ ارب ڈالر قرض مانگا جائیگا، جس کی باقاعدہ بات چیت اپریل میں شروع ہوجائیگی، اپریل کے آخر میں آئی ایم ایف کی ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی اور نئے قرض کے حوالے سے اپنی شرائط حکومت پاکستان کودیگی۔ ذرائع کے کہنا ہے کہ پاکستان بجٹ سے پہلے ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کریگا، محصولات میں اضافہ کےلئے 35 لاکھ پرچون فروشوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیگا، بجٹ میں حکومتی اخراجات کو کم کرنے کی حکمت عملی وضع کی جائیگی، اسی آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کریگا، 1223 میگاواٹ بلوکی پاور پلانٹ، 1230 میگا واٹ حویلی بہادر شاہ پاور پلانٹ، 747 میگاواٹ گدو پاور پلانٹ، 425 نندی پور پاورپلانٹ کو پرائیویٹائزڈ کیا جائیگا، پی آئی اے اور اسٹیل ملز سے بھی جان چھڑائی جائیگی تاکہ اربوں روپے کی سالانہ ادائیگیوں سے جان چھڑوائی جائے، اسی آئی ایم ایف پیکج کے تحت پاکستان گیس اور بجلی کی قیمتوں پر سے اعانت ختم کریگا اور کیپٹو پاور پلانٹس اور فرٹیلائزر کو جانیوالی سستی گیس کو بین الااقوامی نرخوں پر تبدیل کریگا۔


