جعلی ڈومیسائل، بلوچستان ہائیکورٹ نے متعلقہ حکام کو طلب کرلیا

کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس جناب جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل بینچ نے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراء اور تصدیق کے طریقہ کا ر سے متعلق وضاحت کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان، ڈپٹی کمشنر ژوب و دیگر حکام کو طلب کرلیا ہے۔ یہ حکم عدالت نے گزشتہ روز درخواست گزار دوست محمد مندوخیل ایڈووکیٹ کی جانب سے دا ئر آ ئینی درخواست کی سما عت کے موقع پر دیا درخواست گزار کی جانب سے عبدالواحد کاکڑ ایڈووکیٹ نے آئینی درخواست کی پیروی کی جبکہ اے اے جی شہک بلو چ بھی عدالت کے روبرو پیش ہو ئے ۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل عبدالواحد کاکڑ ایڈووکیٹ نے ژوب سمیت مختلف اضلاع سے جاری ہونے والے جعلی لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس اور ان کی تصدیقی عمل پر اعتراضات اٹھائے اور عدالت سے استدعا کی کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرکے وضاحت طلب کرے جس پر عدالت نے ان کی درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلوچستان، ڈپٹی کمشنر ژوب و دیگر حکام کو طلب کرلیا۔ بعد ازاں آئینی درخواست کی سماعت 22جولائی تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں