سینیٹ میں میری آواز سننے کیلئے مخالفین کو اپنے اندر ہمت پیدا کرنا ہوگی، ایمل ولی خان

پشاور(آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ”وہ” لوگ میری جدوجہد کو ختم اور آواز کو بلند ہونے سے کبھی نہیں روک سکتے۔ ان کو اب سینیٹ میں میری آواز سننے کیلئے اپنے اندر ہمت پیدا کرنی ہوگی۔اے این پی بلوچستان کی نامزدگی اور صدر آصف علی زرداری و بلال بھٹو زرداری کی حمایت سے یہ سب ممکن ہوا۔ صدر اے این پی پختونخوا ایمل ولی خان کا بلوچستان سے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس” پر پیغام میں کہنا تھا کہ اصل مسئلہ ایوان کا رکن بننا نہیں بلکہ حقوق اور مسائل کیلئے آواز بلند کرنا ہے۔ ہمارے بنیادی مسائل عوام کو طاقت کا محور بنانا اور وسائل پر انکا اختیار یقینی بنانا ہے۔اپنی جدوجہد کو بلاخوف ایک نئے عزم اور جذبے کے ساتھ جاری رکھوں گا۔وعدہ کرتا ہوں کہ اپنے اکابرین کے راستے پر کاربند رہوں گا اور عوام کی ترجمانی کروں گا۔ میں پاکستان میں پختون، بلوچ سمیت تمام مظلوم اقوام اور اقلیتوں کی آواز بنوں گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں تاحال سوگ میں ہوں، والدہ محترمہ کے بچھڑنے کا صدمہ ابھی ہلکا نہیں ہوا۔ وقت سب زخموں کا مرہم ہوتا ہے، خود کو معمول پر لانے کی کوشش کررہا ہوں۔مشکل وقت میں سب کی دعا¶ں اور نیک خواہشات کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔والدہ محترمہ کے چہلم کے بعد اپنے فرائض کا مزید م¶ثر انداز میں دوبارہ آغاز کرونگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں