ہنگلاج نانی ماتا مندر کا سالانہ میلہ، دوسرے روز 90 ہزار سے زائد یاتریوں کی آمد

حب (نمائندہ انتخاب) ہندو مذہب کی تیرتھ یاترا ہنگلاج نانی ماتا مندر کا سہہ روزہ سالانہ میلہ 28 اپریل کو ختم ہو جائے گا، بتایا جاتا ہے کہ میلے کے دوسرے دن ہفتہ کی شام تک 90 ہزار سے زائد یاتریوں نے ہنگلاج تیرتھ یاترا کیلئے کوسٹل ہائی وے پر سفر کیا، جن میں پہلے دن 70 ہزار سے زائد جبکہ دوسرے روز 20 ہزار سے زائد یاتری شامل تھے جبکہ 28 اپریل کو مزید یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔ یاتری ہنگلاج مندر کی جانب سفر کے پہلے مرحلے میں چندر گوپ پر پڑاﺅ کرتے ہیں جہاں وہ مٹی کے پہاڑ پر چڑھ کر وہاں پر ابلنے والی مٹی اپنے چہرے اور جسم کے مختلف حصوں پر لگا کر مختلف امراض سے چھٹکارہ کی امید رکھتے ہیں، چندر گوپ پر حاضری کے بعد یاتری ہنگلاج نانی ماتا مندر کا رخ کرتے ہیں، جہاں پہنچنے کے بعد وہ گھنیش بھگوان کے مندر سمیت دیگر اپنے مذہبی مقدس مقامات پر حاضری دیتے ہوئے آگے بڑھ کر نانی ماتا مندر پر ماتھا ٹیک کر حاضری دیتے ہیں میلے کے آج آخری کے اختتام پر آج رات کو نانی ماتا مندر پر ہون کی رسم ہو گی جس میں یاتریوں کی ایک بڑی تعداد شریک ہوگی میلے کے انتظامات کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے ہدایات پر لسبیلہ انتظامیہ اور ماتحت محکموں بالخصوص محکمہ صحت کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی کے حوالے سے پولیس اور دیگر فورسز خدمات انجام دے رہی ہیں مکران کوسٹل ہائی وے پر تعینات کوسٹل ہائی وے پولیس کے جوان اور افسران بھی یاتریوں کو جگہ جگہ سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور انہیں گرمی کی شدت کی وجہ سے ٹھنڈے پانی کی سہولت دے رہے ہیں اور روڈ سیفٹی کے بارے میں بھی آگاہ کیا جارہا ہے اس موقع پر ہنگلاج شیوا منڈلی کی طرف سے بھی یاتریوں کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں