پنجگور میں پانچ روزہ پولیو مہم کا آغاز، 49689 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

پنجگور (نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر پنجگور رضوان قادر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر یاسر طاہر بلوچ اور ڈبلیو ایچ او کے ڈی ایس او ڈاکٹر ارسلان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر پانچ روزہ پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ ایم ٹی، اور آر ایچ سی وشبود کے دیگر اسٹاف موجود تھے۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر یاسر طاہر نے کہا کہ پانچ روزہ پولیومہم 29 اپریل 2024 سے شروع ہوگا اور 3 مئی 2024 تک جاری رہے گا جس میں محکمہ صحت کی ٹیمیں گھر گھر جاکر پیدائش سے لیکر پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں31 یونین کونسلز میں کل 49689 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں 31 یونین کونسل انچارج، 72 ایریا انچارج، اور 271 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر ضلع پنجگور کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے اور مزید 28 سینٹرز اور9 ٹرانزٹ پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں جہاں پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ڈی ایچ او نے کہا کہ پولیو ایک موذی بیماری ہے جو متاثرہ بچوں کو زندگی بھر کے لئے مفلوج کر سکتی ہے۔ انہوں نے ضلع بھر کے علمائے کرام، عوام، سیاسی و سماجی شخصیات اور سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کی کامیابی کے لئے محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ پنجگور کے عوام اورعلمائے کرام سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو چاہیے کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں کےساتھ تعاون کریں تاکہ ملک پولیو جیسے موذی بیماری سے پاک ہو۔ اس سلسلے میں پولیو سے بچاﺅ کے لئے ڈی ایچ او، اسسٹنٹ کمشنر پنجگور اور دیگر کی سربراہی میں ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں