ہائی کورٹ نے عید ، ہفتے میں ایک روز عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کرانے کا حکم دیدیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، سرکاری وکیل عبدالرحمٰن اور اسلام آباد انتظامیہ کے ڈائیریکٹر لا عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے عید کے موقع پر اور ہفتے میں ایک دن عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔دریں اثنا بشریٰ بی بی کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر سماعت ہوئی، دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت کے حکم پر ڈائریکٹر لا نے بنی گالا سب جیل کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کردی ہے، عدالت نے سرکاری وکیل کو رپورٹ کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ بنی گالا سب جیل کا دورہ کرنے والی افسر سہولیات سے مطمئن ہوئی ہیں۔بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی نہ کرنے اور عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل اور چیف کمشنر کی رپورٹ پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ تاریخ پر ملزمان کا ملنا، ملنا نہیں ہوتا، وہ تو سماعت ہو رہی ہوتی ہے، ملاقات کا مطلب علیحدگی میں باقاعدہ ملاقات ہوتا ہے، آپ نے کیس کی سماعت کے دوران ملاقات کا کہہ کر جان چھڑا لی، عدالت نے استفسار کیا کہ حکومت کسی کی نجی پراپرٹی کو سب جیل کیسے قرار دے سکتی ہے؟ دریں اثنا آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔


