بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر بھارت سے براہ راست فنڈنگ لے رہے ہیں،ضیالانگو

کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردی پھیلانے والے عناصر بھارت سے براہ راست فنڈنگ لے رہے ہیں،صوبے کے نوجوانوں کو سمجھ آگئی ہے کہ انہیں خوش نما نعرے دینے والوں نے صرف ایندھن کے طور پر استعمال کرکے رقم وصول کی، بلوچستان کے لوگ اپنی محرومیوں کے خاتمے کے لئے آئین پاکستان کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جدو جہد کر رہے ہیں،اب لوگ بھارتی فنڈڈ لوگوں کے نرغے میں نہیں آئیں گے،بچے کچے دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز کی مدد سے جلد ختم کردیا جائیگا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو خوش نما نعرے دیکر بہکایا گیا اور انہیں ملک کے خلاف کھڑا کیاگیا ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج نوجوانوں کی مثبت ذہن سازی تھا جس پر ہم کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں اب بلوچستان کے نوجوانوں کو سمجھ آگئی ہے کہ انہیں استعمال کرنے والے ناراض بلوچ نہیں بلکہ ملک دشمن عناصر ہیں جو بھارت سے براہ راست تعلقات اور فنڈنگ لیتے ہیں، انہوں نے کہ بلوچستان کے نوجوان اور عوام اب ان عناصر کو پہنچا ن چکے ہیں او ر انہیں مسترد کردیا گیا ہے مجھ سمیت بلوچستان کا ہر شخص اپنے حقوق کی جدوجہد اور محرمیوں کے خاتمے کے لئے آئین پاکستان کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں بلوچستان کا نوجوان آج اپنی اور صوبے کی خوشحالی و ترقی کے لئے تعلیم حاصل کر رہا ہے ہم بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں تاکہ انہیں باعزت زندگی گزارنے کے لئے سہولیات مہیا ہوں، میر ضیاء لانگو نے کہا کہ بلوچستان میں بچے کچے دہشتگرد پہاڑوں پر بیٹھ کر کاروائیاں کر رہے ہیں انکے ہندوستا ن کے ساتھ براہ راست تعلقات ہیں ان بچے کچے دہشتگردوں کو بھی جلد سیکورٹی فورسز کی مدد سے ختم کر دیا جائیگا

اپنا تبصرہ بھیجیں