پروفیسر نادرشاہ کی وفات سانحہ، شہید کا درجہ دیا جائے، بی پی ایل اے

کوئٹہ: بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن نے پروفیسر نادر شاہ کو سرکاری سطح پر شہید کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروفیسر نادر شاہ نے تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات سرانجام دی ہیں، بی ایس پروگرام کے حوالے سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، آن لائن کلاسز کے ٹریننگ پروگرام کے دوران ان پر کورونا وائرس کا حملہ ہوا جس میں وہ جانبر نہ ہوسکے ان کی رحلت نے پروفیسر برادری کو غمزدہ کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پروفیسر نادر شاہ بی ایس کوارڈینیٹر، گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج سریاب روڈ کوئٹہ، کورونا کے باعث گزشتہ روز کراچی میں دوران علاج انتقال کر گئے وہ چند ہفتے قبل اس وقت کوویڈ19کا شکار ہوئے تھے جب ایچ ای سی اور محکمہ تعلیم کی ہدایت پر آن لائن کلاسز کے سلسلے میں کالج اساتذہ کے مسلسل ٹریننگ سیشن کرانے میں مصروف تھے۔انہیں فاطمہ جناح ہسپتال میں داخل کیا گیا اور بعدازاں کراچی منتقل کیاگیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے اور گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔ بی پی ایل اے نے انہیں سرکاری سطح پر شہید کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی کے دوران جاں بحق ہونے والے طبی عملے کی طرح پروفیسر نادر شاہ کے لواحقین کی بھرپور مالی مدد کی جائے اورسرکاری سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے۔ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں پروفیسر نادر شاہ کی وفات کو صوبے کے تعلیمی شعبے کے لئے بہت بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پروفیسر نادر شاہ نے صوبے میں تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ بی پی ایل اے صوبے کے تمام پروفیسرز کی جانب سے غمزدہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر نادر شاہ کے درجات کی بلندی اور غمزدہ خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں